گوہاٹی، 16؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی)ٹیم انڈیا نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی جیت کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے-ہندوستان نے 3 میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا کو 317رنز سے شکست دی - ہندوستان نے اس معاملے میں نیوزی لینڈ کا 15سال پرانا ریکارڈ توڑ دیاہے- کیوی ٹیم نے 2008میں آئرلینڈ کو 290رنز سے شکست دی تھی-ویراٹ کوہلی، شبمن گل اور محمد سراج ہندوستان کی جیت کے ہیرو رہے- ویراٹ نے 166کی اننگز کھیلتے ہوئے اپنی 46ویں ون ڈے سنچری بنائی- اس کے ساتھ ہی شبمن گل نے 116رنز بنائے- ہندوستان نے 50/اوورز میں 5وکٹ پر 390کا بڑا اسکور بنایا-جواب میں سری لنکا کی ٹیم 22/اوورز میں 9وکٹوں پر 73رنز بنا سکی- محمد سراج نے سب سے زیادہ 4وکٹیں حاصل کیں - سری لنکا کے 6بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے-ون ڈے کرکٹ میں ہندوستانی ٹیم کی سب سے بڑی شکست سال 2000 میں سری لنکا کے خلاف تھی-اس وقت سری لنکا نے ٹیم انڈیا کو 245رنز سے شکست دی- اب ہندوستان نے سری لنکا کو اپنی سب سے بڑی شکست دی ہے- سال 2000میں شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے سنتھ جے سوریا (189 رنز)کی سنچری کی بدولت 299رنز بنائے تھے- جواب میں ہندوستانی اننگز 54رنز پر سمٹ گئی تھی-اب ہندوستان نے ویراٹ کے مضبوط کھیل کے زور پر ایک بڑا اسکور بنایا اور سری لنکا کو انتہائی معمولی اسکور پرآل آؤٹ کردیا-اس سے پہلے ٹیم انڈیا کی ون ڈے میں سب سے بڑی جیت 257 رنز کی تھی۔ مارچ 2007 میں ہندوستان نے برمودا کو ورلڈ کپ کے ایک میچ میں 257 رنز سے شکست دی تھی۔ یہ میچ ویسٹ انڈیز میں کھیلا گیا تھا۔ ٹیم انڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹ پر 413 رنز بنائے تھے۔ وریندر سہواگ نے سنچری بنائی تھی۔ جواب میں برمودا کی پوری ٹیم 156 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔ اس کے علاوہ 2008 میں ہندوستان نے کراچی میں ہانگ کانگ کے خلاف 256 رنز سے بڑی جیت حاصل کی تھی-